ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان نہیں۔ دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ رک چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا 10 واں اسپیل ختم ہو چکا ہے۔ پنجاب میں آئندہ ہفتے بڑی بارش کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے ستلج سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 62 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 98 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں قادر اباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 98 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔
اس کے علاوہ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 26 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 31 ہزار کیوسک ہے۔ بلوکی ہیڈ ورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 80 ہزار کی کیوسک ہے۔ دریائے راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 21 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر محکمے الرٹ ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔