ویب ڈیسک: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی امین گنڈا پور کے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل راجہ ظہورالحسن نے جج سےمکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سر آپ نے میرے مؤکل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ ملزم پیش کریں میں وارنٹ کینسل کردوں گا۔وکیل راجہ طہور الحسن نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سر اب تو میڈیا پر چل گیا ہے، ملزم کی سبکی تو ہوگئی۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ میں میڈیا کو کیا کہہ سکتا ہوں؟ آپکا کوئی جونیئر بھی آکر تاریخ لے لیتا تو میں کیس رکھ لیتا۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وکیل کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے گئے ہیں۔کیس کی آئندہ سماعت 17 ستمبر کو ہوگی۔