پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اقدام، ائیر لفٹ ڈرون حاصل کر لیے

پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اقدام، ائیر لفٹ ڈرون حاصل کر لیے
کیپشن: پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اقدام، ائیر لفٹ ڈرون حاصل کر لیے

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ائیر لفٹ ڈرون حاصل کرلیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ جدید ڈرون دو سو کلو گرام تک وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے ائیر لفٹ ڈرون ملتان بھیجے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب بھجوانے سے قبل لاہور میں سول ڈیفنس نے ڈرون کی ٹیسٹ فلائٹس مکمل کی ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت نے سول ڈیفنس کیلئے مزید 10 ائیر لفٹ ڈرونز کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے، یہ پاکستان میں اپنی طرز کی پہلی ایمرجنسی ائیرلفٹ ڈرون سروس ہے۔ ڈرون سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو ائیر لفٹ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا 10 واں اسپیل ختم ہو چکا ہے۔ پنجاب میں آئندہ ہفتے بڑی بارش کا امکان نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے ستلج سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 62 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 98 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں قادر اباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 98 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔

اس کے علاوہ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 26 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 31 ہزار کیوسک ہے۔ بلوکی ہیڈ ورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 80 ہزار کی کیوسک ہے۔ دریائے راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 21 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر محکمے الرٹ ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Watch Live Public News