عرفان علی کاٹھیا نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیدیا

عرفان علی کاٹھیا نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیدیا
کیپشن: عرفان علی کاٹھیا نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیدیا

ویب ڈیسک: ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب، عرفان علی کاٹھیا نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلالپور پیروالا کی حالت خاص طور پر خراب ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جلالپور پیروالا کو تین بڑے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج کا پانی متاثر کر رہا ہے، اور حالیہ شگاف کے نتیجے میں پانچ سے چھ مزید آبادیاں زیرِ اثر آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام علاقوں سے لوگوں کا انخلا یقینی بنایا جا رہا ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج جلالپور پیروالا کا دورہ کریں گی۔ اس وقت 175 سے زائد ریسکیو بوٹس متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں، لیکن کچھ افراد انخلا سے گریز کر رہے ہیں جو کہ ایک بڑا چیلنج ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، شگاف کو بند کرنے کے لیے تمام مشینری کام کر رہی ہے اور پاک فوج ایک ہفتے سے ریسکیو کارروائیوں میں شریک ہے۔ بھارت نے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑنا بند کر دیا ہے اور صرف اپنی ضروریات کے مطابق ڈاؤن اسٹریم نہروں میں پانی چھوڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارووال، شیخوپورہ، لاہور اور ننکانہ میں پانی کی سطح میں کمی آ رہی ہے، جبکہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور چنیوٹ میں پانی تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ ان علاقوں میں لوگ ریلیف کیمپوں سے واپس جا رہے ہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے انتباہ دیا کہ اگلے تین دن جنوبی پنجاب کے لیے بڑا چیلنج ہوں گے۔ ملتان، مظفرگڑھ، لیاقت پور اور رحیم یارخان میں سیلاب کی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

Watch Live Public News