(ویب ڈیسک ) جدید ڈرون 200 کلوگرام تک وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے لیے اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کیلیے ایئر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا۔یہ جدید ڈرون 200 کلوگرام تک وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب کی جانب سے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے جدید ایئر لفٹ ڈرون ملتان بھجوانے کی ہدایت کر دی گئی۔
جنوبی پنجاب بھجوانے سے قبل لاہور میں سول ڈیفنس نے ڈرون کی ٹیسٹ فلائیٹس مکمل کی ہیں۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس کیلئے 10 مزید ائیر لفٹ ڈرونز کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان میں یہ اپنی طرز کی پہلی ایمرجنسی ایئر لفٹ ڈرون سروس ہے۔ محکمہ داخلہ ‘‘پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور‘‘ کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ ڈرون سروس سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو محفوظ انداز میں ایئر لفٹ کیا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ سیلاب و ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس جوان فرنٹ لائن سولجرز ہیں، سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار و رضاکار قیمتی انسانی جانیں بچا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور میں شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے رواں ہفتے 4000 سے زائد رضاکار رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ شہری اپنی صلاحیت کے مطابق بطور رضاکار خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔ شہری آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔