ویب ڈیسک: دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے دعوؤں اور اقدامات کے ذریعے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا، جبکہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے احترام کا اعادہ کرتا ہے۔
سجاد حیدر خان کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور فی الحال اسے مزید ممالک تک توسیع دینے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون بھی جاری ہے اور پاکستانی فورسز سعودی عرب میں تربیت اور لاجسٹک مقاصد کے لیے موجود ہیں۔
کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی
ترجمان نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے اور بھارتی اقدامات اس کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتے۔ ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
یاسین ملک کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ان کی قید کی مذمت کی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے ان کی صحت کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔
افغان طلبہ سے متعلق پالیسی واضح
افغان طلبہ کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ حکومت نے تمام افغان طلبہ کو واپس بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ قانونی ویزا رکھنے والے افغان طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم غیر قانونی طور پر مقیم یا کسی تعلیمی ادارے میں داخلہ نہ رکھنے والے افراد کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا دشمن نہیں، تاہم افغان حکومت دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے۔ پاکستان افغانستان کے عوام سے تعلقات کو دہشت گردی کے مسئلے سے الگ دیکھتا ہے۔
بھارت کے مبینہ دہشت گرد کردار کے شواہد موجود ہیں
سجاد حیدر خان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ ان کے مطابق کینیڈا، امریکا اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی بھارت کی مبینہ دہشت گرد سرگرمیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ترجمان نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے، جبکہ پاکستان 4 سے 11 اپریل 2027 تک سیف گیمز کی میزبانی کرے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مصر، ناروے اور دیگر ممالک کے حکام سے حالیہ رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔
سجاد حیدر خان نے مزید بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی بندرگاہ پر کارروائی کے دوران 200 کلوگرام منشیات قبضے میں لے کر ایک بڑے منشیات نیٹ ورک کو توڑ دیا، جس کا مبینہ سرغنہ افغان شہری تھا۔