چیف الیکشن کمشنر، ارکان کی تقرری کا معاملہ: وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب  دیدیا

چیف الیکشن کمشنر، ارکان کی تقرری کا معاملہ: وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب  دیدیا

(ویب  ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا باضابطہ جواب بھجوا دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا جوابی خط اپوزیشن لیڈر کو موصول ہو گیا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے مکمل آئینی طریقہ کار پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے خط لکھا تھا۔

اس پیشرفت سے قبل رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے خصوصی ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم کی جانب سے خط کا باضابطہ جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور وہ آئندہ دو سے تین روز میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پہنچنے کے بعد محمود خان اچکزئی وزیراعظم کے خط پر چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے تفصیلی مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی وزیراعظم کے خط کے مندرجات پر سینیٹ میں قائدِ حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی مکمل اعتماد میں لیں گے۔

Watch Live Public News