5 تولے سونا چوری کا ڈراپ سین، زیورات گھر سے ہی برآمد

5 تولے سونا چوری کا ڈراپ سین، زیورات گھر سے ہی برآمد
سورس: Google

(ویب ڈیسک )لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں 5 تولے سونے کے زیورات کی چوری کا ڈراپ سین ہو گیا ہے، جہاں پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش کے دوران مبینہ طور پر چوری شدہ سونا گھر کے اندر سے ہی برآمد ہو گیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اسلام پورہ اکرم پارک کے ایک رہائشی گھر سے 15 پر 5 تولے سونا چوری ہونے کی ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی۔ کال پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام پورہ پولیس نے نامعلوم چور کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کر کے فوری تحقیقات شروع کر دیں۔

ترجمان کے مطابق دورانِ تفتیش پولیس کو واقعے کی صورتحال اور بیانات مشکوک محسوس ہوئے۔ جس پر پولیس ٹیم نے گھر کے اندر موجود شواہد اور حالات و واقعات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی۔ تفتیش آگے بڑھی  تو 5 تولے سونے کے زیورات گھر سے ہی برآمد ہو گئے۔واقعے کے تمام مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایسے واقعے پر فوری طور پر خوف و ہراس (پینک) کا شکار ہونے کے بجائے پہلے اپنے طور پر تسلی اور مکمل تصدیق کر لیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس کو کسی بھی واقعے کی اطلاع دیتے وقت درست اور مصدقہ معلومات فراہم کی جائیں، تفتیش کے ذریعے اصل حقائق کو سامنے لانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

Watch Live Public News