ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایرانی وفد سے اہم ملاقات کی۔
ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ (مجلسِ شوریٰ) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات میں ایران کی شرکت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بامعنی پیش رفت کے لیے ثالثی کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرتا رہے گا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی شریک تھے۔