اقلیتوں کے قومی دن پر صدرِ اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

اقلیتوں کے قومی دن پر صدرِ اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات
کیپشن: اقلیتوں کے قومی دن پر صدرِ اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

ویب ڈیسک: اقلیتوں کے قومی دن پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی پیغامات۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ آج کا دن قائداعظم کے اس وژن کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔ ہم اقلیتی برادریوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اقلیتوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ اقلیتوں کی حب الوطنی اور خدمات پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ آئین اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ اقلیتی طلبہ کو وظائف اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ میں نے 2009 میں اپنی پہلی مدتِ صدارت کے دوران، 11 اگست کو اقلیتوں کا دن قرار دیا۔ اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم بانی پاکستان کے اقلیتوں کے بارے میں فرمودات اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور یکساں حقوق کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر پاکستان میں اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھ، عیسائی ہندو، پارسی پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی ترجیحی فرائض میں شامل ہے۔ پاکستان اقلیتوں کی ہر شعبہ ہائے زندگی میں انجام دی گئی ناقابل فراموش خدمات کو اپنا ملکی و قومی اثاثہ سمجھتا ہے۔ اقلیت سے تعلق رکھنے والے کئی پاکستانی سپوت ملکی دفاع میں بہادری سے اپنی جان نچھاور کر چکے ہیں ہم انکو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کو اپنی اقلیتوں کے جذبہ حب الوطنی، پیشہ وارانہ محنت اور قومی ورثہ و ثقافت سے لگاؤ پر فخر ہے۔

Watch Live Public News