محکمہ موسمیات کی مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق، اگرچہ ملک کے بیشتر میدانی حصوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کی توقع ہے، تاہم بعض بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

پیشگوئی کے مطابق خطۂ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور قریبی پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد میں بھی کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ نے مزید بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان موجود ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، دیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی چند مقامات پر بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

بلوچستان میں بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور حبس والا رہا، تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں تیز ہواؤں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News