ویب ڈیسک: پنجاب میں مون سون بارشوں کے ایک اور سلسلے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مون سون کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہو گا، جس کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس صورتحال میں صوبے کے بڑے دریاؤں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو سیلابی کیفیت پیدا کر سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم سمیت دیگر آبی گزرگاہوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دریاؤں کے کناروں، پاٹ میں موجود رہائشی مکانات اور مویشیوں کا بروقت انخلا یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے یا غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کر کے اپنے اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنائیں، کیونکہ اگلے چند روز میں موسمی حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔