ایپل کی آئی فون 17 سیریز کی ممکنہ قیمتیں سامنے آ گئیں

ایپل کی آئی فون 17 سیریز کی ممکنہ قیمتیں سامنے آ گئیں

(ویب ڈیسک ) ایپل رواں سال ستمبر میں اپنی نئی آئی فون 17 سیریز متعارف کرانے جا رہا ہے، جس میں 4 مختلف ماڈلز شامل ہوں گے۔آئی فون 17، آئی فون 17 پرو، آئی فون 17 پرو میکس اور ایک بالکل نیا، پتلا ماڈل جسے "آئی فون 17 ایئر" کہا جا رہا ہے۔ یہ تمام ڈیوائسز iOS 26 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔

اگرچہ ایپل نے تاحال ان فونز کی لانچ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، مگر بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ تقریب 9 یا 10 ستمبر کو منعقد ہو سکتی ہے۔

ایپل کی جانب سے کسی باضابطہ تصدیق سے قبل ہی ان ماڈلز کے حوالے سے کئی لیکس اور رپورٹس سامنے آ چکی ہیں۔ حال ہی میں ایک نئی رپورٹ میں آئی فون 17 سیریز کی ممکنہ قیمتوں کی تفصیلات بھی شیئر کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 کی ابتدائی قیمت 799 ڈالرز ہو گی، جو کہ آئی فون 16 کے برابر ہے، یعنی اس ماڈل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

آئی فون 17 پرو کی قیمت 1049 ڈالرز سے شروع ہو سکتی ہے، جبکہ پچھلے سال آئی فون 16 پرو کی ابتدائی قیمت 999 ڈالرز تھی۔

آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت 1249 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو کہ آئی فون 16 پرو میکس (1199 ڈالرز) کے مقابلے میں مہنگی ہو گی۔

نیا ماڈل آئی فون 17 ایئر 949 ڈالرز میں دستیاب ہوگا، جو کہ آئی فون 16 پلس سے 50 ڈالرز زیادہ مہنگا ہے۔

ماہرین کے مطابق امریکا کی چین اور بھارت پر عائد ٹیرف پالیسیوں کے باعث ایپل کو اپنی قیمتیں بڑھانا پڑی ہیں، جس کا براہِ راست اثر صارفین پر پڑے گا۔

آئی فون 17 سیریز: اس سال کیا نیا ہوگا؟ 

ایپل کی آئندہ آئی فون 17 سیریز میں کئی اہم اور دلچسپ تبدیلیاں متوقع ہیں، جن میں سب سے نمایاں تبدیلی کیمرا ڈیزائن سے متعلق ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس بار ایپل اپنے اسمارٹ فونز کے بیک کیمرا سیٹ اپ میں نمایاں فرق لانے جا رہا ہے، جو کہ 2020 میں آئی فون 11 کے بعد پہلی بڑی تبدیلی ہوگی۔

لیک شدہ تفصیلات کے مطابق، آئی فون 17 سیریز میں بیک پر موجود روایتی اسکوائر کیمرا ماڈیول کو ختم کر کے ایک نیا کیمرا ڈیزائن متعارف کرایا جائے گا۔ یہ نیا ڈیزائن کسی حد تک گوگل پکسل فونز کے "پل" (pill-shaped) کیمرا بار سے مشابہ ہوگا، جو فون کی ظاہری شکل کو بالکل نیا تاثر دے گا۔

اس کے علاوہ  فرنٹ کیمرہ کے لیے استعمال ہونے والا ڈائنامک آئی لینڈ بھی نئے انداز میں پیش کیا جائے گا، جس میں ممکنہ طور پر سائز، پوزیشن یا فنکشنز میں تبدیلی شامل ہوگی۔

ایپل کی جانب سے اس سیریز میں زیادہ تیز رفتار میگ سیف چارجنگ اور اے 19 چپ سیٹ متعارف کرائے جانے کی توقع بھی کی جا رہی ہے، جو فون کی مجموعی کارکردگی اور پاور ایفیشیئنسی کو بہتر بنائے گی۔

نیا ماڈل آئی فون 17 ایئر: 

اس بار ایک نیا ماڈل بھی سامنے آئے گا — آئی فون 17 ایئر۔ یہ ماڈل نہ صرف آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا بلکہ اب تک کا سب سے پتلا آئی فون بھی ہو گا۔ اگرچہ اس فون میں صرف ایک ہی بیک کیمرا دیا جائے گا، جو ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا، لیکن اس کا ہلکا پھلکا اور جدید ڈیزائن اسے صارفین کے لیے خاص طور پر پُرکشش بنا سکتا ہے۔

تاہم، فیچرز کے لحاظ سے یہ ماڈل اسٹینڈرڈ ورژن کے قریب تر ہی رہے گا، یعنی ڈیزائن کے علاوہ بہت زیادہ فرق متوقع نہیں۔

Watch Live Public News