بھارتی دفاعی ماہر نے بھارتی ائیرچیف کے پاکستانی طیارے گرانے کا دعوی مشکوک قرار دے دیا

بھارتی دفاعی ماہر نے بھارتی ائیرچیف کے پاکستانی طیارے گرانے کا دعوی مشکوک قرار دے دیا

(ویب ڈیسک )   بھارت کے معروف دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے بھارتی ائیرچیف مارشل اے پی سنگھ کے پاکستان کے طیارے تباہ کرنے کے دعوے کو مشکوک قرار دے دیا ہے۔

پراوین ساہنی کا کہنا ہے کہ  ائیرچیف کی تقریر میں کیا گیا دعویٰ بھارتی فضائیہ کی آفیشل پریس ریلیز میں شامل نہیں تھا، جس سے دعوے کی سچائی پر سوال اٹھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ائیرچیف نے کسی قسم کے شواہد پیش نہیں کیے، نہ ہی یہ واضح کیا کہ تباہ کیے گئے طیارے کون سے تھے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی پاکستان کے ایف 16 یا دیگر طیارے فضاء یا ہینگر میں نشانہ بنے ہوتے، تو عالمی سطح پر اس کی خبر ضرور پھیلتی، لیکن تین ماہ بعد بھی اس کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی ائیرچیف نے دعویٰ کیا تھا کہ 7 مئی کو پاکستان کے پانچ لڑاکا طیارے اور ایک دیگر طیارہ تباہ کیا گیا، اور پاکستانی ایئربیسز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم ان دعوؤں کی تصدیق نہ تو کسی غیرجانبدار ذریعے سے ہوئی ہے اور نہ ہی بھارت نے ان کے حق میں کوئی ثبوت فراہم کیے ہیں۔

اس کے برعکس، پاکستان نے فضائی جھڑپ کے فوراً بعد نہ صرف بھارتی طیارے مار گرانے کے شواہد پیش کیے تھے، بلکہ رافیل طیاروں کی تباہی کی تفصیلات بھی دنیا کے سامنے رکھی تھیں، جن کی تصدیق بھارتی میڈیا رپورٹس سے بھی ہوئی تھی۔ مزید برآں، پاک فضائیہ نے بھارتی پائلٹس کی کاک پٹ کمیونیکیشن بھی ریکارڈ کر کے جاری کی تھی، جس سے زمینی حقائق واضح ہو گئے تھے۔

Watch Live Public News