(ویب ڈیسک ) بھارت کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو ہراساں کیا جانے لگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق 4 پاکستانی سفارتکاروں کو گھر خالی کرنے کےنوٹس جاری کردیے گئے ہیں، پاکستانی سفارتکار نجی رہائش گاہوں پر کرائے پر مقیم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں سفارتکاروں کو ان کے مالک مکان کی طرف سے کانٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی نوٹس جاری کردیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتکاروں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، سفارتکاروں کے گھرگیس اور انٹرنیٹ کی سہولیات وقتاً فوقتاً روکی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتکاروں سمیت 17 اسٹاف ارکان کے بھارتی ویزوں میں توسیع بھی بھارتی وزارت خارجہ میں التوا کا شکار ہے،17 پاکستانی اہلکاروں کے لیے 3 سے 5 ماہ پہلے ویزوں میں توسیع کے بارے میں بھارت کو درخواست کی گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا پانی بھی بند کردیا گیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشن میں ڈیڑھ ماہ سے بھارتی اخبارات کی ترسیل بھی بند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔