ویب ڈیسک: آسٹریلوی حکام نے جمعرات کو ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو جاری کی جس میں ایک اسکائی ڈائیور کو ہزاروں میٹر کی بلندی پر اس وقت شدید خطرے کا سامنا کرنا پڑا جب اس کا پیراشوٹ ہینڈل جہاز کے ونگ فلیپ میں پھنسا گیا۔
ٹرانسپورٹ سیفٹی واچ ڈاگ کی تحقیقات کے مطابق اسٹنٹ کے دوران 16 اسکائی ڈائیورز نے 4,600 میٹر (15,000 فٹ) کی بلندی پر ایک مشترکہ فارمیشن بنانے کی تیاری کی۔ جیسے ہی پہلا اسکائی ڈائیور طیارے کے دروازے کے قریب پہنچا، اچانک صورتحال بگڑ گئی۔
آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کی جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈائیور کا ریزرو پیراشوٹ اس وقت کھل گیا جب اس کا ہینڈل طیارے کے ونگ فلیپ سے ٹکرایا۔ پیراشوٹ کھلتے ہی اسکائی ڈائیور زور سے پیچھے کی طرف اچھلا، اس کے پاؤں طیارے سے ٹکرائے اور پیراشوٹ طیارے کے ونگ فلیپ کے گرد لپٹ گیا۔
اس دوران ڈائیور طیارے کے باہر بیٹھے کیمرہ مین سے بھی ٹکرایا، جو چھلانگ لگانے کی تیاری کر رہا تھا۔ دونوں لمحوں میں ہی ہزاروں فٹ کی اونچائی پر خطرناک صورتحال میں آگئے، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ڈائیور نے چند سیکنڈ بے بسی کے عالم میں اپنا ہیلمٹ پکڑے رکھا۔
اس کے بعد اس نے ہمت دکھاتے ہوئے ایک چاقو سے ریزرو پیراشوٹ کی رسیاں کاٹیں اور خود کو طیارے سے آزاد کر لیا، آزاد ہونے کے بعد اس نے اپنا مین پیراشوٹ کھولا اور بحفاظت زمین پر لینڈ کر گیا۔

اس واقعہ میں طیارے کے ونگ فلیپ کو شدید نقصان پہنچا اور پائلٹ کو طیارے پر کنٹرول میں مشکل پیش آئی، پائلٹ نے فوری طور پر میڈے کال جاری کی اور مہارت سے طیارے کو بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہا۔
واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم رپورٹ کے مطابق یہ ایک ایسا لمحہ تھا جو سیکنڈز میں بڑے سانحے میں بدل سکتا تھا۔