ویب ڈیسک: ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے اوپن اے آئی پر نظریں جما لی ہیں اور انہوں نے اسے خریدنے کے لیے بڑی بولی لگا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کے خصوصی گروپ نے اوپن اے آئی کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے 97.4 بلین ڈالر کی پیشکش کردی ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب مسک نے اوپن اے آئی کو منافع بخش کمپنی بننے سے روکنے کے لیے مقدمہ دائر کیا۔
رپورٹ کے مطابق مسک نے 2015 میں اوپن اے آئی کی مشترکہ بنیاد رکھی، لیکن 2019 میں انہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
بعد ازاں ایلون مسک نے سال 2023 میں اپنی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ”xAI“ قائم کی، جو مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک بڑا نام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
چند میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایلون مسک کی اوپن اے آئی کو خریدنے کی پیشکش کمپنی کی مستقبل کے بارے میں مسک اور اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹ مین کے درمیان موجودہ تنازعہ کو بڑھا سکتی ہے۔ اوپن مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک سرکردہ کھلاڑی ہے۔
تاہم ایلون مسک کے اوپن اے آئی خریدنے کے بیان پر سیم آلٹ مین کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں ایلون مسک کو ایکس اکاؤنٹ پر جواب دیا۔
سیم آلٹ مین نے کہا کہ نہیں شکریہ لیکن اگر آپ چاہیں تو ہم 9.74 بلین ڈالر میں ایکس تو ضرور خرید لیں گے۔
ایلون مسک نے کہا کہ اوپن اے آئی کو حفاظت اور کھلے پن کو ترجیح دیتے ہوئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے اپنے اصل مشن پر واپس جانا چاہیے۔