ویب ڈیسک: لاہورہائیکورٹ نےسی ایس ایس کے سال 2024 کے نتائج جاری کیے بغیر 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری کرنے کے خلاف درخواست پر چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 13فروری تک ملتوی کردی۔
تفصیلا ت کے مطابق سی ایس ایس کے سال 2024 کے نتائج جاری کیے بغیر 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہدکریم نے کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل ہدایات لے کر عدالت میں پیش ہوں۔
درخواست گزاروں کی جانب سے نبیل جاوید کاہلوں ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ پبلک سروس کمشن نے سی ایس ایس کے سال 2025 کے امتحان کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے،پبلک سروس کمشن نے ابھی تک سال 2024 کے لیے گئے امتحان کے نتائج کا اعلان نہیں کیا،نتائج کا اعلان کیے بغیر نیا امتحان درخواست گزاروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ عدالت فوری طور پر 2024 کے امتحان کے نتائج کا اعلان کرنے کا حکم دے۔
نبیل جاوید کاہلوں ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت 2024 کے نتائج کے اعلان تک 2025 کے سی ایس ایس کے امتحانات کا انعقاد کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت مستقبل میں سی ایس ایس کے امتحانات کے نتائج کو بروقت اعلان کرنے کو یقینی بنانے کا حکم دے۔
عدالت نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کر دئیے جبکہ جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کر دیا۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔