ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر توانائی سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجرا کا نوٹس لیتے ہوئے سولر صارفین کے کنٹریکٹس کے تحفظ کے لیے نظرثانی اپیل دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
اس حوالے سے وزیراعظم کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد چیمہ، عطاء تارڑ، علی پرویز ملک، اویس لغاری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ نیپرا کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کرے تاکہ سولر نیٹ میٹرنگ سے مستفید تقریباً 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی فیصلے سے ایسا مالی بوجھ پیدا نہ ہو جو مجموعی طور پر 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد بجلی صارفین کو متاثر کرے۔
وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ صارفین کے مفاد کے تحفظ کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور نئے ریگولیشنز کے اطلاق میں شفافیت اور احتیاط کو یقینی بنایا جائے۔