ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں خودکش حملہ آور کو قابو کرنے کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہری عون عباس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا، مسجد انتظامیہ اور شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور اظہارِ تعزیت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس حملے کے ذریعے قوم اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی، جسے قومی اتحاد نے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس سانحے پر سوگوار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز روزانہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔