پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کیپشن: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ویب ڈیسک: پاکستان کے آٹو سیکٹر نے جنوری 2026 میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے گاڑیوں کی فروخت کو 43 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے مطابق جنوری میں مجموعی طور پر 23 ہزار 55 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو دسمبر 2025 کے مقابلے میں 74 فیصد اور جنوری 2025 کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہیں۔ دسمبر 2025 میں 13 ہزار 280 جبکہ جنوری 2025 میں 17 ہزار 10 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مجموعی فروخت 43 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 11 ہزار 377 یونٹس تک پہنچ گئی، جو صارفین کے بڑھتے اعتماد اور آٹو فنانسنگ تک بہتر رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔ شرح سود میں کمی، بینک فنانسنگ میں بہتری اور نئی ٹیکنالوجی کے تعارف کو فروخت میں اضافے کی بڑی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔

دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت بھی سالانہ بنیاد پر 31 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 81 ہزار 790 یونٹس رہی۔ بھاری گاڑیوں کے شعبے میں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت 77 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ہزار 101 یونٹس تک پہنچ گئی۔

تاہم ٹریکٹر کی فروخت میں کمی دیکھنے میں آئی اور جنوری میں یہ 2 ہزار 505 یونٹس رہی، جو گزشتہ ماہ اور گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔

ماہرین کے مطابق معاشی استحکام اور مالیاتی پالیسی میں نرمی آٹو انڈسٹری کے لیے مثبت اشارہ ہے اور آئندہ مہینوں میں بھی اس رجحان کے برقرار رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News