ویب ڈیسک: ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے 15ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دے دی۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 19 اوورز میں 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ جیکب بیتھل نے 33 اور فل سالٹ نے 30 رنز بنائے۔ کپتان ہیری بروک 17 اور جوز بٹلر 21 رنز تک محدود رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گداکیش موتی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ روسٹن چیز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ شرفین ردرفورڈ نے 42 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ روسٹن چیز نے 34 اور جیسن ہولڈر نے 33 رنز اسکور کیے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور جیمی اوورٹن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔