ویب ڈیسک: پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان صومالیہ کی علاقائی استحکام کی غیر مشروط حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کے صومالیہ پر اقدامات کی سخت مذمت کرتا ہے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 22ویں غیر معمولی اجلاس میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ صومالی لینڈ، صومالیہ کا غیر متنازعہ اور اٹوٹ حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کا مکمل حامی ہے اور اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے۔
اسحاق ڈار نے اس اقدام کو بین الاقوامی سرحدوں پر براہ راست حملہ قرار دیا اور کہا کہ کسی بیرونی ادارے یا ریاست کا یہ حق نہیں کہ وہ اس حقیقت کو بدل سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی غیر قانونی کارروائی ہارن آف افریقہ اور بحیرہ احمر میں امن کے لیے خطرہ ہے۔
پاکستان نے او آئی سی ممالک کے ساتھ اسرائیل کے اس اقدام کو مسترد کیا اور اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی حق خودارادیت کے لیے او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ سال دسمبر میں صومالی لینڈ کو سرکاری طور پر تسلیم کیا تھا، اور اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔