ویب ڈیسک: گریٹفل ڈیڈ کے شریک بانی اور مشہور ردھم گٹارسٹ باب وئیر 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
رائٹرز کے مطابق، انہیں جولائی میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور پھیپھڑوں کی پیچیدگیوں کے باعث ان کا انتقال ہوا۔ وہ اپنے اہل خانہ کے درمیان تھے، تاہم موت کے وقت اور مقام کی تفصیل نہیں دی گئی۔
باب وئیر نے کینسر کے علاج کے دوران سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ پارک میں تین روزہ کنسرٹ میں پرفارم کیا، جہاں انہوں نے اپنے 60 سالہ موسیقی کیریئر کا جشن منایا۔ رولنگ اسٹون میگزین کے مطابق، یہ ان کی آخری عوامی پرفارمنس تھی۔
باب وئیر اور جیری گارسیا گریٹفل ڈیڈ کے مرکزی ارکان تھے۔ وئیر نے بینڈ کے کئی مشہور گانے لکھے، جن میں Truckin’، Sugar Magnolia، Playing in the Band اور Jack Strawشامل ہیں۔ ان کی موسیقی نے راک کے دنیا بھر میں ایک نیا رخ متعارف کرایا تھا۔
باب وئیر کی شخصیت "بابی" کے نام سے جانی جاتی تھی اور انہیں ’’راک موسیقی کا سب سے عظیم ردھم گٹارسٹ‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ جیری گارسیا کی وفات کے بعد انہوں نے سولو کیریئر جاری رکھا اور گریٹفل ڈیڈ کے باقی اراکین کے ساتھ مختلف پروجیکٹس میں حصہ لیا۔
باب وئیر 16 اکتوبر 1947 کو کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے، اور 16 برس کی عمر میں جیری گارسیا سے ملاقات کے بعد گریٹفل ڈیڈ کے بانی بنے۔ 2017 میں انہیں اقوام متحدہ کا خیرسگالی سفیر بھی مقرر کیا گیا۔
وہ اپنی اہلیہ ناتاشا مونٹر اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔