لودھراں : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا ہے کہ 17جولائی کو الیکشن نہیں جہاد ہے، 17 تاریخ کو ہونے والا الیکشن اس ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔ لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لوٹوں سے پہلے میں آج اپنی قوم کی توجہ کراچی کی طرف کرنے لگا ہوں،کراچی اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے۔اس ملک میں 2بڑے ڈاکو ہیں ، ایک زرداری اور دوسرا نواز شریف ہے۔ عمران خان نے کہاکہ کراچی میں 14 سال سے ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں،انہوں نے کبھی نہیں سوچا بارش کی تیاری کریں، لاہور بھی بارش ہوئی ہے لیکن پانی نہیں کھڑا ہوتا،ہم نے اربوں روپے لگا کر انڈرگراؤنڈ ٹینکس بنائے جہاں پانی جمع ہوتا ہے حالانکہ عثمان بزدار کو بہت برا بھلا کہا گیا لیکن کراچی کے حالات آج سب کے سامنے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کر کے سارے پیسے باہر لے گئے، کون سی طاقت تھی اس ملک میں جو اس کو سزا دینے سے روکتی تھی، میں نے پوری کوشش کی ان چوروں کا احتساب کراؤں۔انہوں نے کہا کہ پھر کبھی بتاؤں گا جن کے پاس طاقت تھی وہ چوری کو اتنا برا نہیں سمجھتے تھے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کو ہونے والا الیکشن اس ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے، امریکہ نے سازش کر کے ان چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا۔انہوں نے کہا کہ میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے، جیسے ہی یہ اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں آتے ہی اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کئے، 1100 ارب روپے معاف کروائے، نیب میں ترمیم کر کے خود کو این آر او دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، نواز شریف نے زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو مقروص بنا دیا، دو مہینوں میں انہوں نے دال چنے کی 21 فیصد قیمت بڑھائی، حمزہ شہباز کا بزنس انڈے اور مرغی کا ہے، حمزہ شہباز نے انڈے کی قیمت 36 فیصد بڑھا دی ہے ،گھی 22 فیصد، پیٹرول 100 روپیہ لیٹر بڑھایا ہے، ڈیزل کی قیمت 130روپے بڑھا دی ہے۔