ملک بھر میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی پیشگوئی

ملک بھر میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی پیشگوئی
کیپشن: ملک بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے لے کر 17 جولائی تک شدید بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون کے تیسرے اسپیل کے دوران 11 سے 17 جولائی تک پنجاب کے متعدد اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال اور جھنگ بھی بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ فیصل آباد، چنیوٹ، ننکانہ، قصور، اوکاڑہ، سرگودھا، خوشاب، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں 13 سے 17 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 13 سے 17 جولائی کے دوران بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں۔

Watch Live Public News