آئرش آل راؤنڈر نے کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کردیا

آئرش آل راؤنڈر نے کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کردیا
کیپشن: آئرش آل راؤنڈر نے کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کردیا

ویب ڈیسک: آئرلینڈ کے معروف آل راؤنڈر کرٹس کیمفر نے انٹرپرووینشل ٹی20 ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھا کر پروفیشنل کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کر دیا۔ انہوں نے منسٹر ریڈز کی نمائندگی کرتے ہوئے نارتھ ویسٹ واریئرز کے خلاف صرف 5 گیندوں پر مسلسل 5 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔

رپورٹس کے مطابق کرٹس کیمفر پروفیشنل کرکٹ کی تاریخ میں وہ پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے لگاتار پانچ گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اس کارکردگی نے نارتھ ویسٹ واریئرز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔

میچ میں واریئرز کی ٹیم ایک مرحلے پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز پر کھیل رہی تھی، مگر 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف ایک رن کے اضافے کے بعد 88 پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے کیمفر کا کہنا تھا کہ"اوور کی تبدیلی کی وجہ سے میں الجھن میں تھا کہ کیا ہو رہا ہے، لیکن میں نے اپنی توجہ اپنی لائن اور لینتھ پر رکھی اور خوش قسمتی سے یہ نتیجہ سامنے آیا۔"

یاد رہے کہ کرٹس کیمفر اس سے قبل ٹی20 ورلڈکپ 2021 میں بھی ایک انوکھا کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

Watch Live Public News