ویب ڈیسک: (علی زیدی) معروف امریکی چپ ساز کمپنی نویڈیا (Nvidia) نے بدھ کے روز تاریخ رقم کرتے ہوئے مختصر وقت کے لیے اپنی مارکیٹ ویلیو 4 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کرا دی اور اس مقام تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی عوامی سطح پر تجارت کی جانے والی کمپنی بن گئی۔
بازار کھلنے کے ساتھ ہی کمپنی کے شیئرز میں 2.76 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس نے نویڈیا کو ایک نیا انٹرا ڈے ریکارڈ قائم کرنے میں مدد دی۔ اگرچہ بعد ازاں کچھ منافع فروشی کے باعث شیئرز کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی، تاہم دن کے اختتام پر کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 4 ٹریلین ڈالر کے قریب رہی۔
نویڈیا نے یہ سنگِ میل ایپل اور مائیکروسافٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عبور کیا، حالانکہ رواں سال کے آغاز میں ایپل دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی تھی، مگر حالیہ مہینوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کے اثرات کے باعث ایپل کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی۔ ادھر نویڈیا اور مائیکروسافٹ کے درمیان عالمی درجہ بندی میں سخت مقابلہ رہا، تاہم بالآخر نویڈیا نے سبقت حاصل کر لی۔
نویڈیا کی غیرمعمولی ترقی مصنوعی ذہانت (AI) کے میدان میں اس کے اہم کردار کی مرہونِ منت ہے۔ کمپنی کی تیار کردہ چپس ان ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہو رہی ہیں جو مائیکروسافٹ، ایمیزون اور گوگل جیسے ادارے اپنی AI سروسز کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ 2028 تک AI انفراسٹرکچر پر عالمی اخراجات 200 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔
نویڈیا نے اپریل 2025 میں ختم ہونے والی سہ ماہی میں 44.1 ارب ڈالر کی آمدن حاصل کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 69 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کے سی ای او اور شریک بانی جینسن ہوانگ نے حالیہ کمپیوٹیکس 2025 میں اپنی افتتاحی تقریر میں اعلان کیا کہ ان کی نئی Blackwell Ultra چپ AI ماڈلز کو مزید ذہانت اور رفتار سے سپورٹ دے گی۔
نویڈیا کی ترقی نے ہوانگ کو دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل کر دیا ہے — ان کی دولت کا تخمینہ 140 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جو انہیں دنیا کا دسواں امیر ترین شخص بناتا ہے۔ ہوانگ نے حال ہی میں سعودی عرب کے دورے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ شرکت بھی کی اور وہ پروجیکٹ اسٹارگیٹ جیسے AI میگا پروجیکٹس میں بھی شامل ہیں۔
تاہم کمپنی کو مشکلات کا سامنا بھی رہا۔ سال کے آغاز میں چینی اسٹارٹ اپ DeepSeek نے کم لاگت اور طاقتور AI ماڈل متعارف کر کے مارکیٹ میں ہلچل مچا دی، جس سے جنوری میں نویڈیا کے شیئرز میں 37 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اس کے علاوہ چین کو H20 چپس کی برآمد پر امریکی پابندی کے باعث کمپنی کو 2.5 ارب ڈالر کا ممکنہ نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔
اس کے باوجود نویڈیا نے اپریل سے اب تک 74 فیصد کا زبردست اضافہ دکھایا ہے اور مارکیٹ میں نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ وال اسٹریٹ کے تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ نویڈیا کی ترقی کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ Loop Capital کے مطابق کمپنی کی ویلیو 2028 تک 6 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔