ویب ڈیسک: گوگل کے چیف سائنسدان اور کمپنی کے ابتدائی ملازمین میں شامل جیف ڈین نے تقریباً 27 سال بعد گوگل چھوڑنے اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نئی کمپنی ڈسکوری لوپ (Discovery Loop) قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
جیف ڈین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ سنجے گھیموات، اوریول ونیالس اور کوک لے کے ساتھ مل کر نئی کمپنی شروع کر رہے ہیں، جس کا مقصد مشین لرننگ، سائنس اور انجینئرنگ میں خودکار اے آئی سسٹمز کے ذریعے نئی سائنسی دریافتوں کو تیز کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل میں اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کمپنی کو 25 ملازمین کے اسٹارٹ اپ سے تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار ملازمین پر مشتمل عالمی ٹیکنالوجی ادارہ بنتے دیکھا اور اس سفر کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
دوسری جانب گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اعلان کیا کہ گوگل ڈسکوری لوپ میں بانی سرمایہ کار (Founding Investor) کے طور پر شامل ہوگا۔ انہوں نے جیف ڈین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے نئے منصوبے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
جیف ڈین 1999 میں گوگل میں شامل ہوئے تھے اور انہوں نے گوگل سرچ کے بنیادی انفراسٹرکچر، ویب انڈیکسنگ، سرچ سسٹمز اور بعد ازاں جیمنی سمیت کمپنی کی اے آئی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی رخصتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی مسابقت تیز ہو رہی ہے اور گوگل کو اوپن اے آئی، مائیکروسافٹ، اینتھروپک، میٹا اور چینی اے آئی کمپنیوں سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔