سکولوں میں 2 لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اعلان

سکولوں میں 2 لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اعلان
کیپشن: سکولوں میں 2 لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اعلان

ویب ڈیسک: پنجاب کے سکولوں میں دو لاکھ ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں سے فیس نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ فل فیس کی استطاعت رکھنے والے طلبہ کیلئے بھی 10 فیصد کوٹہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں صوبے کے تعلیمی نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے "نواز شریف سینٹر آف ایمیننس" منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے دوران کم آمدن والے خاندانوں کے لیے مفت تعلیم کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جن والدین کی ماہانہ آمدن 2 لاکھ روپے یا اس سے کم ہوگی، ان کے بچوں سے ان تعلیمی اداروں میں کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو معیاری تعلیم تک یکساں رسائی فراہم کرنا ہے۔

بریفنگ کے مطابق "نواز شریف سینٹر آف ایمیننس" کو عالمی معیار کے مطابق قائم کیا جائے گا، جہاں ہر کلاس میں زیادہ سے زیادہ 30 طلبہ ہوں گے، اعلیٰ صلاحیت کے حامل اساتذہ تعینات کیے جائیں گے اور کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کو زیرو فیس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مکمل فیس ادا کرنے کی استطاعت رکھنے والے طلبہ کے لیے بھی ان اداروں میں 10 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا، جبکہ تدریسی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کو پنجاب میں تعلیمی شعبے کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے داخلہ ٹیسٹ میں طلبہ کی غیرمعمولی دلچسپی اس بات کی عکاس ہے کہ عوام کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ "نواز شریف سینٹر آف ایمیننس" کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں مرحلہ وار قائم کیا جائے، تاکہ صوبے بھر کے بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

Watch Live Public News