'حکومت پٹرولیم لیوی 35 روپے اور بڑھائے گی'

'حکومت پٹرولیم لیوی 35 روپے اور بڑھائے گی'
اسلام آباد: سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی 35 روپے اور بڑھائے گی، لوگوں کے اوپر ایک اور مہنگائی کا طوفان آئےگا۔ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت کو کہتا ہوں کس کو بے وقوف بنا رہےہیں، فنانس ایک سنجیدہ معاملہ ہے، حکومت اس پر تو سنجیدہ ہوجائے، حکومت کوکہتاہوں نمبرز جھوٹ نہیں بولتے، نمبرز تو سیدھے کرلیں۔‘ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں 5فیصد گروتھ کی بات کی ہے، زراعت کے شعبےمیں حکومت نے 3.9فیصد گروتھ کی بات کی جو ہوتی نظر نہیں آرہی، حکومت کے گروتھ فیگرز مشکوک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صنعتوں کو مراعات دی تھیں، یہ حکومت واپس لے رہی ہے، فیکٹریاں بند ہوجائیں گی اور بےروز گاری ہوگی۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تو مہنگائی کی شرح 20 سے 25 فیصد تک چلی جائے گی،ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں آئی ایم ایف سے مذاکرات میں حکومت کو مشکل ہوگی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ جولائی میں ڈیزل اورپیٹرول 300 اور 310 روپے فی لیٹر تک جائےگا، مہنگائی کی وجہ سےصنعت کا پہیہ جام ہو جائے گا، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر چلی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت ہماری حکومت 16 روپے فی یونٹ چھوڑ کر گئی تھی، جولائی میں بجلی کی قیمت ٹیکس کے ساتھ 39 یا 40 روپے فی یونٹ جائے گی۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہماری 6 فیصد جی ڈی پی آئی ہے، وزراء ہمارے نمبرز کو خوشی خوشی اقتصادی سروے میں اپنا رہے ہیں، بین الاقوامی بینک نے کہہ دیاہے کہ 100فیصد مارجن رکھیں۔ ایل این جی کے جو چار کارگوز اسپاٹ ٹینڈرنگ سے آتے ہیں وہ نہیں آئیں گے، یہ حکومت کاروباری لوگوں کا بیڑا غرق کرنے جا رہی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔