لندن کے میئر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نواز دیا گیا

لندن کے میئر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نواز دیا گیا
کیپشن: لندن کے میئر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نواز دیا گیا

ویب ڈیسک: برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر، صادق خان کو اعلیٰ ترین شاہی اعزاز "نائٹ ہُڈ" سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے بکھنگم پیلس میں ایک پروقار تقریب کے دوران عطا کیا۔

صادق خان 2016 سے لندن کے میئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ تاریخ میں پہلے شخص بن گئے ہیں جنہیں تیسری مرتبہ مسلسل اس منصب پر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

اس اعزاز پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ بادشاہ چارلس نے انہیں خوش دلی کے ساتھ نائٹ ہُڈ سے نوازا، اور یہ لمحہ ان کی زندگی کا ایک ناقابلِ فراموش فخر تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور ایک کونسل ہاؤس میں پلنے والے فرد کے لیے یہ اعزاز ایک خواب کی تعبیر ہے۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ " لندن کا وعدہ ہے کہ اگر تم محنت کرو گے تو تمہیں کامیابی ضرور ملے گی"۔

8 اکتوبر 1970 کو لندن میں پیدا ہونے والے صادق خان کے والد پاکستان سے برطانیہ آ کر بس ڈرائیور کی نوکری کرتے تھے۔ صادق خان نے نارتھ لندن یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1994 میں سالیسٹر بنے۔ انسانی حقوق کے مقدمات میں مہارت کے باعث ان کی شہرت بنی، خاص طور پر حکومت اور پولیس کے خلاف مقدمات کے سبب۔

انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 1990 کی دہائی میں بطور لیبر پارٹی کونسلر کیا۔ 2005 کے عام انتخابات میں وہ برطانوی پارلیمان کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد ازاں وہ کمیونیٹیز کے انڈر سیکرٹری اور پھر وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

2016 میں انہوں نے میئر لندن کا انتخاب لڑا اور زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دے کر تاریخ میں اپنا نام درج کروا لیا۔ اب وہ تیسری بار اس منصب پر کامیابی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کر چکے ہیں۔

Watch Live Public News