(ویب ڈیسک ) مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی۔وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دو مسیحی شہداء کی آخری رسومات راولپنڈی کے کرسٹ چرچ میں ادا کی گئیں۔سیاسی و عسکری قیادت نے مسیحی شہداء کی آخری رسومات میں بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں،پاک فوج کی امن، سلامتی اور خودمختاری کے لیے قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔