ویب ڈیسک :معروف مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر یوکرین سے سائبر حملہ ۔۔۔سائٹ متعدد بار ڈاؤن ۔۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین کو لاگ ان اور دیگر خدمات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹریکنگ ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق، عالمی سطح پر 40 ہزار سے زائد صارفین نے شکایات درج کرائیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایپ، ویب سائٹ اور سرور کنکشن میں متعدد مسائل پیش آئے۔
دوسری طرف ایلون مسک نے اس مسئلے پر ردعمل دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایکس پر ایک بڑا سائبر حملہ کیا گیا، جو مبینہ طور پر یوکرین کے خطے سے ہوا۔
فاکس نیوز پر ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں مکمل طور پر معلوم نہیں کہ کیا ہوا لیکن یوکرین کے علاقے سے جنریٹ ہونے والے آئی پی ایڈریسز کے ذریعے ایکس کے سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔ مسک کے مطابق، یہ حملہ انتہائی منظم تھا اور کسی بڑی تنظیم یا ملک کی پشت پناہی حاصل ہو سکتی ہے۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کی رپورٹ کے مطابق، پہلی بار سہ پہر 3:30 بجے، پھر شام 7 بجے اور تیسری بار رات 8:44 پر ایکس کی سروس متاثر ہوئی۔ دنیا کے مختلف ممالک بشمول پاکستان، بھارت، کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا میں صارفین کو اس سے مشکلات کا سامنا رہا۔
ابتدا میں ایکس انتظامیہ نے اس مسئلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جس پر صارفین نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کمپنی پر جوابدہی نہ کرنے کا الزام لگایا۔