(ویب ڈیسک ) ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں بنوں میں ہونے والے بزدلانہ حملے کی مذمت کی گئی اور پاک افواج کی بہترین کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرار داد کے مطابق یہ ایوان بنوں میں ہونے والے بزدلانہ اور سنگدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں معصوم شہریوں بشمول بچوں کو مقدس ماہ رمضان کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔یہ ایوان بنوں کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جو دہشت گردی کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جنھوں نے اپنی جرات مندانہ اور فوری کاروائی سے اس بزدلانہ حملے کو ناکام بنایا۔ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ جنگ لڑی ہے۔ یہ ایوان ہماری سیکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔
قرارداد کے مطابق یہ ایوان وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔یہ ایوان تمام سیاسی جماعتوں اور سماجی قوتوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ملک کے استحکام اور سلامتی کے دشمن عناصر کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے اس سفاک حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دی جائے۔ ہم اس ایوان کے فورم سے پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے تمام شہری دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ہم ایک مضبوط اور باہمت قوم کے طور پر اپنی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔