(ویب ڈیسک ) اب تک صرف ہالی ووڈ کی فلموں نے ہی دنیا بھر میں 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔تاہم پہلی بار ایک ایشیائی فلم نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔
چین کی انیمیٹڈ فلم نی زہا 2 نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے اور 3 سے 9 مارچ کے دوران 3 کروڑ 82 لاکھ سے زائد ڈالرز کا بزنس کیا۔ اس طرح اس کی مجموعی آمدنی 2.04 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ یہ پہلی ایشیائی اور انیمیٹڈ فلم ہے جس نے 2 ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
قبل ازیں سب سے زائد بزنس کرنے والی انیمیٹڈ فلم کا اعزاز انسائیڈ آؤٹ 2 کے پاس تھا جس نے 2024 میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
نی زہا2 فلم 29 جنوری 2025 کو ریلیز ہوئی تھی اور یہ فلم مجموعی طور پر 7 ویں فلم ہے جس نے 2 ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
آئندہ ہفتے متعدد ممالک میں اس کی ریلیز ہونا باقی ہے جس کا مطلب ہے کہ اس کی آمدنی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں یہ چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور ایوینجرز انفٹنی وار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔