گوگل نے پاکستان میں اے آئی پروفیشنل سرٹیفکیٹ پروگرام کا آغاز کر دیا

گوگل نے پاکستان میں اے آئی پروفیشنل سرٹیفکیٹ پروگرام کا آغاز کر دیا
کیپشن: گوگل نے پاکستان میں اے آئی پروفیشنل سرٹیفکیٹ پروگرام کا آغاز کر دیا

ویب ڈیسک: گوگل نے پاکستان کے لیے گوگل اے آئی پروفیشنل سرٹیفکیٹ متعارف کروا دیا ہے، جو انڈسٹری سے منظور شدہ جدید سرٹیفکیٹ پروگرام ہے۔ اس کا مقصد پیشہ ور افراد کو مصنوعی ذہانت کی عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ کاموں میں اے آئی کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔

گوگل کے مطابق عالمی معیشت میں اے آئی کے بڑھتے ہوئے اثر کے پیش نظر ایسے تربیت یافتہ افراد کی ضرورت بڑھ رہی ہے، مگر موجودہ افرادی قوت اس طلب کو پورا نہیں کر پا رہی۔ ایپسوس اور گوگل کی تحقیق میں 70 فیصد منیجرز نے کہا کہ کامیابی کے لیے اے آئی تربیت یافتہ افرادی قوت ناگزیر ہے، جبکہ صرف 14 فیصد کارکنوں کو اے آئی کی تربیت دی گئی ہے۔

یہ پروگرام ’مشق کے ذریعے سیکھنے‘ کے تصور پر مبنی ہے اور اس میں 20 سے زیادہ عملی سرگرمیاں شامل ہیں۔ شرکا کو تین ماہ کے لیےگوگل اے آئی پرو تک مفت رسائی بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ گوگل ڈوکس، جی میل اور گوگل شیٹس جیسے ٹولز میں اے آئی کا عملی استعمال سیکھ سکیں۔

پروگرام میں 6 کورسز اور ایک حتمی پروجیکٹ شامل ہیں اور اسے 10 گھنٹوں یا اس سے کم وقت میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ مکمل کرنے کے بعد شرکا کو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ بھی ملتا ہے، جسے وہ اپنی پروفائل اور لنکڈ اِن پر شیئر کر سکتے ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ نصاب حقیقی دنیا کی ملازمتوں کے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کیا گیا اور معروف آجرین کی جانب سے تصدیق شدہ ہے۔

Watch Live Public News