ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انٹیلیجنس ایجنسیوں کی بروقت کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر کے پاکستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گرفتار خاتون اسلام آباد میں خودکش حملے کے لیے استعمال کی جانے والی تھی۔ انٹیلیجنس ایجنسی نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا کر بروقت کارروائی کی اور اس بچی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کر دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشت گرد بلوچ روایات اور اقدار کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے۔ وہ معصوم بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے بجائے خودکش جیکٹس پہنا کر استحصال کرتے ہیں۔ دہشت گرد خواتین کو دھمکی دیتے ہیں کہ اگر انہوں نے حملہ نہ کیا تو والدین کو نقصان پہنچایا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا: "بلوچ خواتین کبھی اس جنگ کا حصہ نہیں رہی ہیں۔ یہ کون سی روایت ہے کہ اپنے مفادات کے لیے معصوم بچیوں کا استعمال کیا جائے؟ انٹیلیجنس ایجنسیوں کی بروقت کارروائی کی بدولت نہ صرف ایک بچی کو بچایا گیا بلکہ پاکستان کو بھی ایک بڑی دہشت گردی سے محفوظ رکھا گیا۔"