(دانش منیر): عیدالاضحیٰ پر صفائی کے نام پر 23 کروڑ سے زائد کا خطیر ٹینڈر جاری ۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کا 4 دن کے لیے 2000 مشینری کرایے پر لینے کا فیصلہ. شہر کے 9 ٹاؤنز میں بھاری مشینری تعینات کی جائے گی. لاہور کے لیے 979 ڈمپر، 330 ایکسکیویٹر، 492 ٹرالیاں اور 199 لوڈر کرائے پر لیے جائیں گے۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں 6 کروڑ 21 لاکھ روپے میں 274 ڈمپر اور 82 ایکسکیویٹر فراہم کیے جائیں گے۔
نشتر ٹاؤن کے لیے 3 کروڑ 19 لاکھ، سمن آباد کے لیے 2 کروڑ 94 لاکھ مختص۔ گلبرگ ٹاؤن کے لیے 2 کروڑ 47 لاکھ کا بجٹ رکھا گیا۔ راوی ٹاؤن کے لیے 1 کروڑ 19 لاکھ، شالیمار کے لیے 1 کروڑ 96 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ واہگہ ٹاؤن کے لیے 1 کروڑ 55 لاکھ روپے مختص۔ ڈمپر کا یومیہ کرایہ1 لاکھ 49 ہزار 743 روپے ہوگا۔ ایکسکیویٹر کا یومیہ کرایہ 1 لاکھ 44 ہزار 659 روپے رکھا گیا۔ ٹریکٹر لوڈر کا یومیہ کرایہ 65 ہزار 837 روپے جبکہ ٹرالی 56 ہزار 667 روپے روزانہ کے حساب سے کرائے پر لی جائے گی۔
ٹھیکیدار مشینری کے ساتھ ڈرائیور، ہیلپر اور فیول بھی فراہم کرے گا۔ تمام مشینری عید سے ایک رات قبل 9 بجے کلیکشن پوائنٹس پر پہنچانا لازمی ہوگی۔ مشینری روزانہ 16 گھنٹے کام کرے گی۔
ترجمان ستھرا پنجاب اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عید پر صفائی کے لیے مشینری خریدنے پر اربوں روپے خرچ ہونگے۔ کرایے پر مشینری لینے میں اخراجات کم ہوتے ہیں۔ گزشتہ برس عید صفائی آپریشن پر 20 کروڑ سے زائد خرچ ہوئے تھے۔ رواں برس اخراجات 23 کروڑ سے بڑھ گئے ہیں۔