ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان پر کڑی تنقید کی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایوان میں ترمیم کی منظوری کے بعد جیسے ہی راجہ پرویز اشرف نے تقریر شروع کی، اپوزیشن بنچوں سے شور شرابہ اور نعرے بازی شروع ہوگئی، جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کے ڈرامے ختم ہوگئے، اب بندوبست ہوجائے گا۔”
پی ٹی آئی ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ “گالی اور بدتمیزی کا جواب ملے گا، آپ یہاں کچھ کہتے ہیں اور باہر جا کر کچھ اور۔”
انہوں نے تحریک انصاف کی سابق حکومت پر سخت سوالات اٹھائے۔ “کہاں گئیں دو کروڑ نوکریاں؟ کہاں گئے پچاس لاکھ گھر؟ اور یہ بتائیں کہ فرح گوگی کون ہے؟”
سابق اسپیکر اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر پر تنقید کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ “انشااللہ آپ لوگ صدر آصف زرداری کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ زرداری سے مقابلہ کرنا ہے تو پہلے بانیِ پی ٹی آئی کو 12 سال جیل میں رکھیں، عمران خان کو اندر کروانے والے بھی آپ ہی تھے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “آپ گالیاں دیتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جیل میں بیٹھے آپ کے لیڈر کو بھی گالیاں پڑیں، جس کے آپ جیسے ساتھی ہوں، اسے دشمن کی ضرورت نہیں۔”
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہوگا۔ ان کے مطابق، “ہم ملک کے دفاع کو مضبوط کر رہے ہیں، آپ نے اسے کمزور کیا اور آئین و قانون کی خلاف ورزی کی۔”