وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے 3 خوارجیوں کیخلاف آپریشن جاری

وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے 3 خوارجیوں کیخلاف آپریشن جاری
کیپشن: وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے 3 خوارجیوں کیخلاف آپریشن جاری

ویب ڈیسک: وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے تین دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پوری شدت سے جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد موجود تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے اب تک 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے۔ کیڈٹ کالج میں موجود 3 افغان خوارجین کو کالج کی ایک مخصوص عمارت تک محدود کر دیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ جس عمارت میں افغان خوارج موجود ہیں، وہ کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی فاصلے پر واقع ہے۔ ابھی تک تمام کیڈٹ محفوظ ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان خوارجیوں کی کالج میں موجودگی کے باعث کیڈٹس کی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن نہایت احتیاط سے جاری ہے۔ کالج کی حدود سے کیڈٹس کو نکالنے کا عمل بتدریج جاری ہے۔ اس وقت بھی کالج کے اندر تقریباً 535 افراد موجود ہیں۔

واضح رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارجیوں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی۔ دھماکے سے کالج کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر منہدم ہو گیا، جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے دو خوارجیوں کو موقع پر ہی جہنم واصل کر دیا تھا۔ معصوم قبائلی بچوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے، نہ پاکستان کی خوشحالی سے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔

Watch Live Public News