(ویب ڈیسک)ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکہ میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج اور افغانستان کی ملی بھگت کھل کر سامنے آ گئی۔
اسلام آباد میں خود کش دھماکے کے پیچھے افغانستان کا ہاتھ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد دھماکہ لگ بھگ سہ پہر 12 بجکر 45 منٹ پر ہوا جبکہ افغانستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر صبح سویرے سے بازگشت سنائی دی جانے لگی۔
ذرائع نے بتایا کہ 6 بجکر 45 منٹ پر افغان طالبان سے منسلک X اکاؤنٹ سے "coming soon Islamabad" جیسے ٹویٹس دیکھےگئے۔ اِسی طرح کے دھمکی آمیز پیغامات افغان ملٹری پریڈ کے موقع پر بھی کیے گئے جسمیں لاہور پر افغان جھنڈا لہرانے اور اسلام آباد کو جلانے کی باتیں کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان ٹویٹر ہینڈل “آماج نیوز” نے اپنی 2 نومبر کو کی جانے والی ٹویٹ میں ان دھمکی آمیز پیغامات کو پوسٹ کیا۔ طالبان کے ایک اور x اکاؤنٹ “خراسان العربی” کی طرف سے اسلام آباد دھماکے کے ساتھ ہی جاری ہونے والی ٹویٹ “بسم اللہ الرحمٰن الرحیم” افغان رجیم کے گھناؤنے عزائم کی عکاسی کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے سے قبل افغانستان سے کی جانے والی سوشل میڈیا پوسٹس اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ افغان طالبان رجیم اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔ یہ رجیم پاکستان میں کھلم کھلا دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اسلام آباد اور دہلی میں ہونے والے دھماکے دونوں پاکستان مخالف ممالک کی ملی بھگت ہے جنکا مشترکہ مقصد پاکستان کو نقصان پہچانا ہے۔