(ویب ڈیسک ) بال جھڑ یا گنج پن سے متاثرہ افراد اکثر ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں اور علاج کیلئے کافی پیسے خرچ کر دیتے ہیں لیکن پھر بھی اس کا 100 فیصد موثر علاج میسر نہیں آتا۔
تاہم اب سائنسدانوں نے اس کا حل ڈھونڈ لیا ہے، نئی تحقیق کے مطابق ایک پودے کے ذریعے گنج پن سے تحفظ دینا ممکن ہوسکتا ہے۔
جرنل ایڈوانسڈ ہیلتھ کیئر میٹریلز میں شائع تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سٹیویا یا میٹھی تلسی نامی پودے میں موجود مرکبات گنج پن سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
اس تحقیق میں مردوں میں پائے جانے والے گنج پن کے عام مرض الوپ پیشیا کے شکار چوہوں میں تجربات کیے گئے۔
تحقیق کے دوران ایک دوا Minoxidil Topical اور سٹیویا میں موجود سٹیوسائیڈ نامی مرکب پر مبنی ایک پٹی کا استعمال چوہوں پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں چوہوں میں بالوں کی جڑیں دوبارہ متحرک ہوگئیں اور بالوں کے اگنے کا عمل شروع ہوگیا۔
سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرکب کے استعمال Minoxidil Topical کی افادیت میں اضافہ ہوگیا اور یہ گنج پن کے مؤثر علاج کی جانب حوصلہ افزا قدم ہے۔