دبئی: یو اے ای میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ابتدائی 5 وکٹیں 58 رنز پر گرنے کے بعد دھنن جیا ڈی سلوا اور بھنوکا راجا پکسے نے شاندار شراکت داری قائم کی،راجا پکسے نے 71 رنز بنائے۔ دھنن جیا ڈی سلوا 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ونندو ہسارنگا 36 رنز بنا سکے۔کوشل میڈس صفر اور پتھون نسانکا 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ، شاداب خان، افتخار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حسن علی اور عثمان قادر کی جگہ نسیم شاہ اور شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کا اعتماد بلند ہے فائنل میں پہنچنا ایک خواب ہے ایونٹ میں ہر کھلاڑی نے پرفارم کرکے دکھایا ہے۔ سری لنکن کپتان شناکا کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بولنگ ہی کرتے لیکن اچھی کارکردگی دکھا کر فائنل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 22 بار ٹکرائی ہیں، 13 پاکستان نے جیتے، جب کہ 9 سری لنکا کے نام رہے۔ پاکستان ٹیم اب تک صرف 2 مرتبہ جبکہ سری لنکا کی ٹیم 5 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے ۔گرین شرٹس دس سال سے یہ ٹائٹل جیتنے کے منتظر ہیں جبکہ سری لنکا نے بھی آخری بار 2014 میں ایشیا کپ جیتا تھا۔