ڈاکٹر ذاکر نائیک نے خطرناک بیماری میں مبتلا ہونے کی تردید کر دی

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے خطرناک بیماری میں مبتلا ہونے کی تردید کر دی
کیپشن: ڈاکٹر ذاکر نائیک نے خطرناک بیماری میں مبتلا ہونے کی تردید کر دی

ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اپنی صحت کے حوالے سے گردش کرنے والی تشویشناک خبروں پر ردعمل آگیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ ذاکر نائیک ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں اور ملائیشیا کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ یہاں تک کہ بعض افواہوں میں یہ الزام بھی لگایا گیا کہ ان کی اہلیہ فرحت نائیک اور بیٹی کا ایچ آئی وی ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

بھارت کے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسی من گھڑت رپورٹس تیزی سے وائرل ہوئیں، جو ذاکر نائیک اور ان کے اہل خانہ سے منسوب کی جارہی تھیں۔ تاہم اس بارے میں اب تک کسی مستند خبر رساں ادارے یا سرکاری سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی، جس کے باعث افواہیں مزید شدت اختیار کرگئیں۔

اب ذاکر نائیک نے اپنے وکیل اکبر الدین عبدالقادر کے ذریعے ان تمام خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ وکیل کے مطابق ذاکر نائیک مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اپنے گھر پر موجود ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ایسے منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ وکیل کے مطابق ذاکر نائیک بدستور اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں مصروف اور متحرک ہیں۔

Watch Live Public News