ویب ڈیسک: حکومت پنجاب نے جلالپور پیروالا کے اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار علی خان کو ناقص کارکردگی کے باعث عہدے سے ہٹا دیا ہے، جبکہ ان کی جگہ مکرم سلطان کو تعینات کردیا گیا ہے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ذوالفقار علی خان کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں ناکامی اور کمزور کارکردگی کی وجہ سے ہٹایا گیا۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان کی جگہ مکرم سلطان اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ مکرم سلطان اس سے قبل ملتان میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کے عہدے پر تعینات تھے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں جلالپور پیروالا کے مضافات میں سیلابی صورتحال سنگین رخ اختیار کر گئی ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو فوری اور مؤثر اقدامات درکار تھے، تاہم سابق اسسٹنٹ کمشنر کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ جلالپور پیروالا کو ممکنہ بڑے نقصان سے بچانے کے لیے انتظامیہ نے چند روز قبل ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے گیلانی بند میں شگاف ڈال دیا تھا تاکہ پانی کا دباؤ کم کیا جا سکے اور شہر کو محفوظ رکھا جا سکے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہیں جبکہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ نئے اسسٹنٹ کمشنر مکرم سلطان کو فوری طور پر ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی، متاثرین کی بحالی اور حفاظتی اقدامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی تعیناتی کے بعد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔