ویب ڈیسک: اسرائیلی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قطر سے اظہار یکجہتی کیلئے دوحہ روانہ ہوگئے جہاں وہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، شاہی خاندان اور قطری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک روزہ دورے پر دوحہ روانہ ہوگئے ہیں۔
وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات طارق فاطمی بھی تھے۔
دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے جس میں خطے کے مختلف ممالک پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں اور جارحیت کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے قیام پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ دوحہ میں قطر کے امیر سے ملاقات کے دوران دونوں رہنما خطے میں قیام امن اور اسرائیلی حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی مشاورت کریں گے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اس بات کا اعادہ کریں گے کہ قطر اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں اور پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قطر کا ساتھ دیا ہے اور کرتا رہے گا۔