ویب ڈیسک: وزارت صنعت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے 25 ارب 25 کروڑ روپے کا پیکیج تیار کیا ہے جس کا مقصد مختلف ملازمتوں کے حامل افراد کو مالی امداد فراہم کرنا ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق، یوٹیلیٹی اسٹورز کے 5,229 ریگولر ملازمین کے لیے 13 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 3,323 کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 3 ارب 60 کروڑ روپے اور 2,854 ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے 2 ارب 71 کروڑ روپے کا پیکیج رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ادارے کے خاتمے اور بیواؤں کے لیے 5 ارب 75 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق، ریگولر ملازمین جن کی ریٹائرمنٹ میں دو سال یا کم عرصہ رہ گیا ہے، ان کے لیے 35 کروڑ 70 لاکھ روپے جبکہ 20 سال سے زیادہ ملازمت کرنے والے ملازمین کے لیے 2 ارب 21 کروڑ روپے اور 20 سال سے کم کام کرنے والے ملازمین کے لیے 10 ارب 61 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کنٹریکٹ ملازمین کے لیے بھی خصوصی پیکیج رکھا گیا ہے۔ 2 سال سے کم عرصہ کام کرنے والے ملازمین کے لیے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے، 16 سال سے زیادہ کام کرنے والے ملازمین کے لیے 2 ارب 97 کروڑ روپے، اور 16 سال تک کام کرنے والے ملازمین کے لیے 61 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔