ویب ڈیسک: بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہونے کے بعد آج سے 20 اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کے بعد کوئٹہ میں گزشتہ روز گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی اور بارشوں کا یہ سلسلہ 14 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں ہلکی بارش شروع ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مری، گلیات، راولپنڈی اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے اور ہفتہ اتوار ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔ مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں مسلسل اثر انداز ہورہاہےآج سے ملک کے مغربی جنوبی علاقوں میں داخل ہوجائےگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواوں کے زیر اثر 13 اور 14 اپریل کو جامشورو، دادو، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ سکھر، جیکب آباد کمشمور گھوٹکی، میرپورخاص مٹیاری عمر کوٹ، میں بارش کا امکان ہے،کراچی، حیدرآباد،سانگھڑ بدین سجاول ٹنڈو اللہیارمیں گرج چمک کےساتھ درمیانی شدت کی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم آج گرم اور مرطوب رہےگا۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ دن بھر میں درجہ حرارت کم سے کم 25 ڈگری زیادہ سے زیادہ 34 سے36 ڈگری رہےگا،ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔