غازیانِ وطن کو قوم کا سلام

غازیانِ وطن کو قوم کا سلام
کیپشن: غازیانِ وطن کو قوم کا سلام

پبلک نیوز: غازیانِ وطن کو سلام،قیام پاکستان سے لے کر آج تک پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کے لئے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق شہداء کے ساتھ ساتھ غازیانِ وطن نے بھی بےپناہ بہادری و شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لئے اپنا تن، من, دھن قربان کیا،کئی بہادر جوان ایسے ہیں جو روایتی جنگ ہو یا غیر روایتی ان میں شدید زخمی ہوئے، یہاں تک کہ اپنے جسم کے اعضاء کو بھی کٹوا بیٹھے۔ایسی داستان سپاہی صدام حسین کی بھی ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی کی خاطر اپنی دائیں آنکھ وطن پر قربان کر دی۔

سپاہی صدام حسین کا کہنا تھا کہ23 اپریل 2019 کو مائن بلاسٹ ہونے سے میں شدید زخمی ہو گیا،اس حادثے میں میری دائیں آنکھ مکمل طور پر ضائع ہو گئی،میں عام انسانوں کی طرح تو نہیں رہا لیکن الحمدللہ میں ابھی بھی بہت اچھی زندگی جی رہا ہوں،اللہ تعالی نے مجھے ایک بیٹے اور بیٹی سے نوازا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا بھی بڑا ہو کر فوج میں بھرتی ہو کر میرے سے بھی بڑا کارنامہ سر انجام دے۔

سپاہی صدام حسین نے کہا کہ آج بھی اگر فوج مجھے بلائے گی تو میں نکلوں گا اور اپنے فرض سے پیچھے نہیں ہٹوں گا،عید الفطر کے موقع پر میں پوری قوم اور پاک فوج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،میری بہت سی عیدیں بارڈر پر پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ گزری ہیں، میں ان تمام گزری ہوئی عیدوں کو بہت یاد کرتا ہوں۔

سپاہی صدام حسین نے مزید کہا کہ یہ جو ملک دشمن عناصر پاک فوج کے خلاف باتیں کرتے ہیں میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ وہ جو اپنے گھروں میں سکون اور خوشی سے عید منا رہے ہیں یہ پاک فوج کے جوانوں کی مرہون منت ہے،دہشت گردوں کے لیے میرا یہ پیغام ہے کہ جتنا چاہے زور لگا لو تم تھک جاؤ گے لیکن ہمارے سپاہی تھکنے والے نہیں ہیں وہ اپنی جانیں قربان کرتے رہیں گے۔

سپاہی صدام حسین کی اہلیہ نے کہا ہے کہ میں اپنے شوہر کی قربانی پر بہت خوش ہوں،ملک کو اگر میرے شوہر کی ضرورت پڑے تو وہ حاضر ہے وہ کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا وہ اپنے ملک کے لیے اپنی جان بھی دے گا۔

سپاہی صدام حسین کی یہ عظیم قربانی مدتوں تک یاد رکھی جائے گی۔